• news

ضمنی الیکشن : کراچی میں متحدہ کامیاب پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط نوشہرو فیروز میں پی پی جیت گئی‘ ٹرن آئوٹ کم رہا

کراچی (سٹاف رپورٹر/نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم نے میدان مار لیا۔ پی ایس 106 کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان 18137 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ پی ایس 117 سے ایم کیو ایم کے قمر عباس 10738 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔ دونوں حلقوں سے تحریک انصاف‘ پی پی اور دیگر امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔ اسلامی تحریک پاکستان کے علی رضا ایک ہزار 18 ووٹ لے کر دوسرے پی ٹی آئی کے رفاقت عمر 950 ووٹ لے کر تیسرے اور پی پی پی کے جاوید مقبول بٹ 924 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے میں ووٹوں کا تناسب 9 فیصد رہا۔ آن لائن کے مطابق کراچی میں ضمنی انتخابات کے دوران سندھ پولیس کے افسروں نے خواتین اہلکاروںکی جانیں دائو پر لگا دیں۔ موبائل ہے نہ ہی سیکورٹی‘ مجبور خاتون پولیس افسر رکشے پرپولنگ سٹیشن پہنچی۔ لیاقت آباد کے پولنگ سٹیشن نمبر 98 میں خاتون پولنگ ایجنٹ کو طبی امداد ملی نہ ہی پنکھے کی سہولت۔ کراچی کے دونوں حلقوں میں اکا دکا ووٹرز ووٹ کاسٹ کرتے نظر آئے۔ پی ٹی آئی اور پی پی پی کے امیدوارایک ایک ہزار ووٹ بھی نہ لے سکے۔ پی ایس 166 میں ایم کیو ایم کے ووٹ 75 ہزار سے کم ہو کر 18 ہزار رہ گئے پی ٹی آئی نے پچھلی بار دس ہزار ووٹ لئے اس بار ایک ہزار ووٹ بھی نہ لے سکی۔ پی ایس 117 سے ایم کیو ایم کے ووٹ 43 ہزار سے کم ہو کر 10 ہزار رہ گئے پی ٹی آئی کے ووٹ 21 ہزار سے کم ہو کر ایک ہزار سے بھی کم رہ گئے۔ پی ایس 22 نوشہرہ فیروز میں پی پی کے ڈاکٹر عبدالستار راجپر نے اپنے مخالف مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ عارف مصطفی جتوئی کو کم و بیش ساڑھے سات ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے دی۔ 98 پولنگ سٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈاکٹر ستار راجپر کو 35 ہزار 747 ووٹروں سے حمایت سے نوازا جبکہ ان کے مخالف عارف مصطفی جتوئی کو 28 ہزار 58 ووٹ ملے۔ الیکشن میں گہما گہمی کا فقدان تھا اور ٹرن آئوٹ بھی کم رہا۔ یہاں ایک لاکھ سے زائد ووٹ رجسٹرڈ تھے۔ گورنمنٹ پرائمری سکول لاکھا روڈ نوشہرو فیروز میں خواتین کے پولنگ بوتھ پر دھاندلی کی شکایت پر پولنگ روک دی گئی۔ نوشہرو فیروز میں خاتون کی جانب سے جعلی ووٹ کاسٹ کرنے کی کوشش حریف جماعت کے پولنگ ایجنٹ نے ناکام بنا دی۔ پریذائیڈنگ افسر نے خاتون کو پولیس کے حوالے کرنے کی بجائے مبینہ طور پر فرار کرا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن