وزیراعظم کی چہل قدمی‘ نرم غذا لی‘ مزید ایک دن آئی سی یو میں رکھنے کا فیصلہ
لندن + اسلام آباد (وقار ملک + سٹاف رپورٹر + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ گزشتہ روز ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو آئی سی یو میں چہل قدمی کرائی اور انہوں نے ہلکی غذا بھی لی، مریم نواز نے ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کی طبیعت مزید بہتر ہوئی ہے اور انہوں نے میری والدہ اور بھائی کے ساتھ گفتگو بھی کی ہے۔ ادھر سرجنز کی ٹیم نے وزیراعظم کو مزید ایک روز آئی سی یو میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں آج کسی بھی وقت کمرے میں شفٹ کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم نواز شریف کو گلدستہ بھجوایا ہے، وزیراعظم کے نام خط میں شاہ سلمان نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے خصوصی ایلچی کے ذریعے ہارلے سٹریٹ ہسپتال میں ایک خط بھجوایا جس میں ڈیوڈ کیمرون نے نیک خواہشات اور ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کے ساتھ ساتھ وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنی طرف سے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔ دریں اثنا او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی نے وزیراعظم پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کا دنیا میں ایک مقام ہے انہوں نے اپنی صلاحیتوں سے پاکستان اور مسلم امہ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں، آپ کی صحت یابی کے لئے سب دعا گو ہیں۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے نواز شریف کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ بان کی مون کا کہنا تھا کہ دعا گو ہوں کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف جلد صحتیاب ہوں۔ وزیر اعظم نواز شریف کو ڈیوڈ کیمرون اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے گلدستہ بھی بھجوایا گیا۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے فون پر رابطہ کیا اور وزیراعظم میاں نواز شریف کی خیریت دریافت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے میاں شہباز شریف کو وزیراعظم کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جلد اچھی صحت کیلئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم نے میرے ساتھ 2 منٹ تک گفتگو کی انہوں نے بارشوں سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی امداد کیلئے ہدایت کی، تمام رہنائوں کی نیک تمنائوں کا خیرمقد کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے نواز شریف وطن واپسی سے قبل سعودی عرب جائیں گے۔ وزیراعظم کے صاحبزادوں حسین نواز اور حسن نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم صحت یاب ہورہے ہیں، ڈاکٹروں نے ان کو آئی سی یو میں چہل قدمی کرائی ہے ، ان کو ہسپتال میں مزید چار سے پانچ دن لگیں گے ، دعائیں کرنے والوں کے شکرگزار ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم ابھی تک آئی سی یو میں ہیں، انہیں ابھی کمرے میں شفٹ نہیں کیا گیا۔ حسن نواز نے کہا گذشتہ روز وزیراعظم سے ملنا مشکل تھا مگر وہ (آج)جمعہ کو آئی سی یو سے کمرے میں منتقل کردئیے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے منظور احمد وٹو نے وزیراعظم کو اپنے بھتیجے کے ہاتھ پھولوں کا گلدستہ بھیجا اور نواز شریف کے لئے نیک تمنائوں اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔