• news

برطانوی باکسر عامر خان کا ایس ایس یو ہیڈکوارٹر کا دورہ، باکسنگ ٹیم کو تربیت کی پیشکش

کراچی(آئی این پی )برطانوی باکسر عامر خان نے سپیشل سکیورٹی یونٹ کی باکسنگ ٹیم اور کمانڈوز کو باکسنگ کی تربیت دینے کی پیشکش کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل سکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد نے بین الاقوامی نامور باکسر کو سپیشل سکیورٹی یونٹ کے فرائض اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔کمانڈنٹ نے برطانوی باکسر کی جانب سے ملک میں امیچو ر باکسنگ کی ترقی اور کراچی میں اکیڈمی قائم کرنے کی کاوشوں میں اپنے بھرپور تعاون و حمایت کی یقین دہانی کرائی۔2004 ایتھنز اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے باکسر نے کہا کہ امیچور باکسنگ کی ترقی کے لیے کراچی میں باکسنگ اکیڈمی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں برطانیہ اور دیگر مقامات سے کوچز لے کر آئیں گے۔مقصود احمد نے ملک میں باکسنگ کوبین الاقوامی معیار کے مطابق بحال کرنے کے لیے برطانوی باکسر عامر خان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پرحصہ لینے کے لیے انہیں تربیت ومواقع فراہم کیے جائیں۔عامر خان نے ایس ایس یو کے اعلیٰ معیار کو برقرار وبہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے سلسلے میں افسران و عملے کی تعریف کی اورخاص طور پر ان کی موجودگی کو محفوظ بنانے کے لیے ایس ایس یو کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن