• news

دورہ انگلینڈ: سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ سکواڈ کیلئے 15 کھلاڑی فائنل کر لئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے لیے حتمی سکواڈ کے انتخاب کے لیے سر جوڑ لیا ہے۔ گذشتہ روز سلیکشن کمیٹی کے تمام ارکان نے قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور کیمپ کمانڈنٹ مشتاق احمد کے ساتھ بھی مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ کے لیے ممکنہ 15 کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کر لیا ہے۔ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد میں تاخیر کے باعث ان سے مشاورت نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے واضح کر دیا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر پاکستان پہنچیں یا نہ پہنچیں 5 یا 6 جون کو ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں جاری سکلز کیمپ کے دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈاکٹر ریاض کو بھی بلا کر ان سے کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے بریفنگ لی۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 سے 17 کھلاڑیوں کے ناموں کو فائنل کر لیا ہے اگر اگلے دو روز میں مکی آرتھر پاکستان نہ پہنچے تو چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری سے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق، توصیف احمد، وجاہت اﷲ واسطی اور وسیم حیدر دیر تک سٹیڈیم میں موجود رہے اورسکلز کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے دورہ انگلینڈ میں ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ ٹیسٹ سکواڈ کو حتمی شکل دے رہے ہیں، ڈسپلن کے بارے میں ان کا نظریہ ہے کہ ٹیم میں ڈسپلن ہو گا تو پرفارمنس بھی اچھی ہو گی۔ انضمام الحق نے ملک میں کرکٹ کی بہتری کے لئے کلب کرکٹ کی اہمیت پر زور دیا۔ اگر ہم نوویں نمبر پر ہیں تو ہمیں حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہئے۔ سلیکشن میں کوچ کی رائے کو بھی شامل کریں گے، محمد حفیظ کی رپورٹ میں کافی بہتری آئی ہے، پرامید ہوں کہ حفیظ انگلینڈ کا دورہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن