• news

پاکستا ن اور سپین کے مابین سالانہ مشاورتی دور‘ حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت حاصل کرنے کیلئے سفارتی مہم شروع کر دی ہے۔ گزشتہ روز اس سلسلہ میں سپین کے ساتھ یہ معاملہ زیر غور لایا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سپین کے درمیان سالانہ مشاورت کا دور میڈرڈ میں منعقد ہوا۔ خارجہ سیکرٹری اعزاز چوہدری نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔خارجہ سیکرٹری نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی درخواست اور استعداد کے معاملہ اٹھایا ۔ انہوں نے اس ضمن میں پاکستان کے مئوقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور ہسپانوی وفد نے کہا ہے کہ پاکستان کا مئوقف سمجھتے ہیں۔ واضح رہے کہ جن ملکوں نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے وہ اس گروپ کی رکنیت کے اہل نہیں لیکن امریکہ ، اس نااہلی کے باوجود بھارت کو اس گروپ کی رکنیت دلوانے کیلئے کوشاں ہے جس کے بعد پاکستان نے بھی گروپ میں شمولیت کیلئے درخواست دے دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سالانہ مشاورت کے اس دور کے دوران تجارت، معیشت، دفاع و سلامتی سمیت باہمی تعلقات کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔خارجہ سیکرٹری نے موجودہ حکومت کے دور میں حاصل کردہ کامیابیوں ، بطور خاص معاشی احیائ، نیشنل ایکشن پلان کے ذریعہ سلامتی کی بنائی گئی بہتر صورتحال اور آپریشن ضرب عضب کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ہسپانوی وفدپاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے نے یورپی یونین کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔خارجہ سیکرٹری نے ہسپانوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر افغانستان ، مشرق وسطیٰ سمیت عالمی اور علاقائی امور بھی زیر غور آئے اور سپین نے امن کے استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن