• news

وزیراعظم کے متبادل کی تجویز ہے نہ نثار اسحاق ڈار یا میں خواہشمند: ایاز صادق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے آئین میں قائم مقام وزیراعظم کی کوئی گنجائش ہے اور نہ نواز شریف کا متبادل لانے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ چوہدری نثار علی خان ، اسحاق ڈار یا مجھ سمیت کوئی بھی وزارت عظمیٰ کا امیدوار نہیں۔آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کی بھی کوئی گنجائش نہیں۔ پرویز الٰہی کو عہدہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے دیا گیا تھا۔ پانامہ ٹی او آر کمیٹی کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے حکومتی اور اپوزیشن ارکان سے رابطے میں ہوں پارلیمانی کمیٹی میں ڈیڈلاک کے خاتمے کے لئے کل قائد حزب اختلاف سمیت حکومت و اپوزیشن ارکان کو اپنے چیمبر میں مدعو کر لیا ہے۔ زمانہ طالبعلمی میں ایک دوست سیاستدان کو کھیلتے ہوئی ہاکی مار دی تھی، میری ہاکی لگی ان کی گال پر تھی اثر کہیں اور ہوا، شیخ رشید روتے ہی رہیں گے، ایک اور وکٹ گرتی ہوئی نہیں دیکھ رہا، انہوں نے یہ بات پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا ان کی خواہش ہے تمام صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی براہ راست کوریج ہونی چاہیے اس حوالہ سے انہوں نے سمری وزیر اعظم ہائوس کو ارسال کر دی ہے۔ ہم سب کا لیڈر میاں نواز شریف ہی ہے۔ انہوں نے ڈرون حملوں کی مذمت کی اور سوال کیا پاکستان امریکہ پر ڈرون حملہ کرے تو پھر امریکہ کا کیا ردعمل ہوگا، ڈرون حملوں کے حوالہ سے تحریک التوا کو زیر غور لایا جائے گا۔ ہم ہر کسی سے نہیں لڑ سکتے، اس معاملے کے حل کے لیے امریکہ کو قائل کرنا ہوگا، سرتاج عزیز سے کل ڈرون حملوں پر بات کی ہے انہوں نے کہا رولز میں کوئی ایسی بات نہیں کہ 30 دن تک نہ آنے اور وزیراعظم کے ملک سے باہر رہنے پر اس عہدے پہ کوئی اور براجمان ہو سکتا ہے، صرف 40 روز تک مسلسل غیر حاضری پر اختیار ہے متعلقہ غیر حاضر رکن کی رکنیت معطل کی جائے۔
ایاز صادق

ای پیپر-دی نیشن