مقبوضہ کشمیر : فوجی کالونیوں کی تعمیر‘ بھارتی مظالم کیخلاف آج مکمل ہڑتال‘ مظاہرے ہونگے حریت قیادت نظربند
سرینگر (ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں فوجی کالونیوں کی تعمیر، بھارتی مظالم کیخلاف آج مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ بھارتی فوج نے پرامن مظاہرے روکنے کیلئے پوری حریت قیادت کو گھروں میں نظربند کر دیا ہے۔ قابض انتظامیہ نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ اور دیگر کو گھروں میں نظربند کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں کشمیری پنڈتوں اور بھارتی فوجیوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کے قیام کے خلاف حریت قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی طرف سے آج نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہروں اور تحصیل اور ضلع کی سطح پر سیاہ جھنڈے لہرانے کی کال کو ناکام بنانے کیلئے حریت رہنمائوں کو گھروں میں نظربندکر دیا۔ وائس آف وکٹمزنے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں گمنام قبروں کے معاملے پر خاموشی کو مجرمانہ قرار دے دیا، لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو فوری انصاف فراہم کرنے پر زور۔ لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک بدستور سرینگر سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ سینئر حریت رہنمائوں نے اس بدترین پولیس گری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قائدین اور ارکان اور انکے خاندانوں کو چھاپوں، قید وبند اور قدغنوں سے ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کو واضح کر رہا ہے اور اس سے یہ بات بھی عیاں ہو رہی ہے کہ حکمران نام نہاد جمہوریت کی آڑمیں بد ترین آمرانہ روش اختیار کر رہے ہیں۔ دوسری جانب گمنام قبروں کے خالص انسانی معاملے پر بھارتی حکومت کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے مقامی حقوق انسانی فورم نے ہزاروں لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو فوری انصاف فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔ شمالی اور وسطی کشمیر میں 55 مقامات پر بے نام قبروں کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے فورم وائس آف وکٹمز نے دعویٰ کیا۔ ان میں چار ہزار سے زائد عدم شناخت نعشیں مدفون ہیں۔ بے نام قبروں اور لاپتہ افراد کے معاملے پر ممبران اسمبلی کی خاموشی کو شرمناک قرار دیتے ہوئے وی او وی کے ایگزیکٹو عبدالقدیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حقوق انسانی پامالیوں اور خلاف ورزیوں پر انسانی حقوق اداروں کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ تاجر برادری نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے نئے ٹیکس نظام اور کئی مدوں پر محصولات کی شرح بڑھانے کے بارے میں بجٹ تجاویز کے خلاف ہفتہ کو مقبوضہ علاقے میں ہڑتال کی کال دی ہے۔
کشمیر