وزیراعظم کی عدم موجودگی میں بجٹ پیش، عمران، فضل الرحمن سمیت کئی اہم ارکان غیر حاضر رہے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف دل کے آپریشن کے باعث قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت نہ کر سکے اور انکی عدم موجودگی میں بجٹ پیش کیا گیا۔ اگرچہ ایوان میں حکومتی ارکان کی حاضری بھرپور تھی لیکن وزیراعظم کی عدم موجودگی کی وجہ سے حکومتی ارکان میں جوش و خروش نہیں پایا جاتا تھا۔ کبھی کبھی حکومتی ارکان ڈیسک بجا کر داد دیتے لیکن وفاقی وزیر خزانہ کو ڈیسک بجانے کی فرمائش کرنا پڑتی تھی۔اجلاس مقررہ وقت سے 17منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ خواجہ آصف، چوہدری نثار، سردار یوسف، شاہ محمود قریشی، فاروق ستار وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر شروع ہونے کے بعد ایوان میں پہنچے۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر،پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت متعدد اہم ارکان اسمبلی ایوان سے غیر حاضر تھے۔