امریکہ ٹرمپ کو منتخب کر کے تاریخی غلطی کرے گا: ہلیری
واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل امیدوار ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ ٹرمپ کو صدر منتخب کر کے ’تاریخی غلطی‘ کرے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہلیری کلنٹن نے ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کو نشانہ بناتے ہوئے اسے ’خطرناک حد تک بے ربط‘ قرار دیا۔ اپنے حریف کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’انھوں نے اس کے لیے تیاری ہی نہیں کی اور وہ اس کے لیے ان فِٹ بھی ہیں۔اس بیان کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا ’ہلیری اب قابلِ اعتبار نہیں رہیں، وہ اپنے کام میں بہت ناکام رہی ہیں۔ لوگ نالائقی کو مزید چار سال نہیں دیں گے۔ دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر پال ریان نے کہا ہے کہ وہ اختلافات کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کریں گے۔