• news

ڈبلیو ٹی او ای کامرس میں ترقی پذیر ممالک کو تکنیکی مہارت فراہم کرے: خرم دستگیر

پیرس (این این آئی+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ زراعت پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے پیرس میں ہونے والے ڈبلیو ٹی او کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی ، ڈبلیو ٹی او کا یہ مختصر وزارتی اجلاس معاشی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم کے سالانہ وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے زراعت اور ای کامرس سے متعلق عالمی قوانین پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں حکومتی امداد، مارکیٹ تک رسائی اور کپاس سے متعلق عالمی اداروں میں ہونے والی گفت و شنید کا پاکستان بغور جائزہ لیتا ہے۔ ڈبلیو ٹی او کو ای کامرس کی ترویج پر توجہ دینی چاہئے، اس سلسلے میں ترقی پذیر ممالک میں ای کامرس کے فروغ اور قوانین کے اجراء کیلئے تکنیکی مہارت بھی فراہم کرنی چاہئے۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ترکی کے نائب وزیر برائے معیشت فتح متین سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تجارتی تعاون اور آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء وزیر تجارت خرم دستگیر نے نیویارک میں چوتھی پاکستان امریکہ کاروباری مواقع کانفرنس میںشرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا امن اور استحکام آنے کے بعد بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ کانفرنس میںدونوں ممالک کے 300انڈسٹری نمائندے سرمایہ کار اور حکومتی رہنما شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن