مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کیلئے ضروری ہے‘ ثالثی پر تیار ہوں: بان کی مون
نیویارک (آن لائن) اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے کشمیر کے معاملے میں پاکستان اوربھارت کے درمیان ثالثی کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطے میں تب تک امن ترقی خوشحالی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی جب تک نہ کشمیر کے مسئلے کو کشمیریوں کی امنگوں اور آرزوئوں کے مطابق حل نہ کیا جائے۔ پاکستان‘ بھارت مذاکرات کو لازمی قرار دیتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تنائو اور کشیدگی کا ماحول قائم رہنے سے خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ادارے میں بحیثیت سربراہ اپنی مدت مکمل ہونے سے پہلے خواہش ظاہر کی اگر بھارت پاکستان آمادہ ہوتے ہیں تو کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں اعتماد سازی کو بحال رکھنے‘ امن عمل کو پٹڑی پر قائم رکھنے کے لئے بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں ۔