• news

محمد علی میرے ہیرو تھے‘ باکسنگ کیلئے آج افسردہ دن ہے: عامر خان

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر ) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ لیجنڈ باکسر محمد علی میرے ہیرو تھے ان کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا ، باکسنگ کے لئے آج افسردہ دن ہے ، محمد علی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، باکسنگ اکیڈمی کی جتنی خوشی ہے محمد علی کی موت کا اتنا ہی غم بھی ہے ، عامر خان اکیڈمی سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا نہ صرف بھرپور مظاہرہ کر سکیں گے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔ وہ ہفتہ کوپاکستان کو سپورٹس کمپلیکس میں باکسنگ اکیڈمی کے افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر برٹش ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا اور عامر خان کے والد محترم سجاد خان اور ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔ اکیڈمی کا نام عامر خان باکسنگ اکیڈمی رکھا گیا ہے ۔ باکسنگ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ محمد علی جیسا باکسر دوبارہ پیدا ہونا مشکل ہے ۔ برٹش ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ آج صبح عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کے انتقال کی خبر بہت افسوس کے ساتھ سنی۔ وہ بھی عامر خان کی طرح ایک عظیم باکسر تھے جنہوں نے اپنیمنفرد سٹائل سے دنیا کے کروڑوں نوجوانوں کو اس طرح متاثر کیا کہ انہوں نے زندگی میں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے کس طرح جدوجہد کرنی ہے۔بین اسی طرح عامر خان باکسر بھی آج اپنی اکیڈمیز کے ذریعے نہ صرف برطانیہ میں بلکہ پاکستان کی آئندہ نسل کو باکسنگ کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ مجھے آج پاکستان کی پہلی باکسنگ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری بحیثیت ایک سفیر اور عامر خان کی بحیثیت ایک باکسر، دونوںکی یہ خواہش ہے کہ پاکستان جو آبادی کے لحاظ سے چھٹا بڑا ملک ہے اور جس کی 60فیصد آباد ی کی عمر23سال سے کم ہے کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔برطانیہ کا بیرون ملک ڈویلپمنٹ کا سب سے بڑا منصوبہ پاکستان کیلئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن