سہ فریقی سیریز :ویسٹ انڈیزنے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی
گیانا (سپورٹس ڈیسک)ویسٹ انڈیز میں جاری سہ فریقی ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے سنیل نارائن کی بہترین بولنگ اور کیون پولارڈ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ویسٹ اندیز کے شہر گیانا میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن سنیل نارائن کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کر سکے اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں صرف 188 رنز بنا آؤٹ ہو گئی۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سے کم سکور پر 1992 میں آؤٹ ہوئی تھی۔سنیل نارائن نے 27 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں جبکہ دو وکٹیں بریتھ ویٹ اور ایک ایک وکٹیں ٹیلر اور ہولڈر کے حصے میں آئیں۔سنیل نارائن کے کریئر کی یہ بہترین کار کردگی ہے۔ اس سے قبل انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 27 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ریلی روسو نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے جبکہ ڈی کاک 30 ، ہاشم آملا 20، ڈی ولیئرز 31 اور ڈومنی 23 رنز بناکر نمایاں سکورر رہے۔ویسٹ انڈیز نے کیرون پولارڈ کی جارحانہ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 11 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ پولارڈ نے آؤٹ ہوئے بغیر 67 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ان کے علاوہ اوپنر چارلس اور ڈیرن براوو نے بالترتیب 31 اور 30 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے آرن فان گیسو نے 40 رنز کے عوض تین جبکہ عمران طاہر نے 41 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ جے پی ڈومنی نے لی۔