• news

فرنچ اوپن: موغوروزا نے 18سال بعد سپین کو خواتین کا ٹائٹل دلوا دیا

پیرس(نیوز ڈیسک) فرنچ اوپن کے ویمنز فائنل میں نمبر چار سیڈڈ سپین کی گاربائن موغوروزا نے عاملی نمبر ون امریکہ کی سرینا ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر سپین کو 18سال بعد فرنچ اوپن کا ٹائٹل جتوا دیا۔یہ ان کا پہلا گرینڈ سلم ہے۔ آخری بار سانچیز ویکاریو نے 1998میں اپنے ملک کیلئے فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتا تھا۔22سالہ موغوروزا نے 34سالہ سرینا ولیمز کو 7.5اور6.4سے شکست دے کر ان سے گزشتہ سال ومبلڈن کی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔ سرینا نے میگوروزا کو ومبلڈن2015کے فائنل میں شکست دی تھی۔موغوروزا نے سرینا ولیمز کا 22واں گرینڈ سلم جیت کر عظیم سٹیفی گراف کا ریکارڈ برابر کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے سرینا کیخلاف کھیلے جانے والے میچوں کو ذہن میں رکھ کر تیاری کی تھی جو میرے کام آئی۔ میں اس پر بہت خوش ہوں یہ میری زندگی کا سب سے حسین لمحہ ہے۔ اس موقع پر سرینا ولیمز نے ان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی لیکن موغوروزا نے میری ایک نہ چلنے دی۔ آج کا دن اس کا تھا۔ فرنچ اوپن میں مردوں کا فائنل آج عالمی نمبر ون جاکووچ اور نمبر دو اینڈی مرے کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن