• news

’’پرویز خٹک کرپشن میں شریک ہیں‘‘ پی ٹی آئی کے5 ایم این اے ناراض

ڈیرہ اسما عیل خان (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے 5 ارکان قومی اسمبلی نے خیبرپی کے میں صوبائی حکومت اور پرویز خٹک پر تحریک انصاف کے منشور کو پامال کرنے، عمران خان کے وژن کو روندنے اور عوامی مسائل میں اضافہ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے سی ایم کی تبدیلی کیلئے تحریک کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں منتخب بلدیاتی عوامی نمائندوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ٹانک سے منتخب ایم این اے انجینئر داور خان کنڈی، لکی مروت سے ایم این اے کرنل (ر) امیر اللہ خان مروت، پشاور سے ایم این اے ساجد نواز ، ہنگو سے ایم این اے خیال زمان خان، مالا کنڈ سے ایم این اے جنید اکبر خان نے کہا کہ صوبہ میں صوبائی وزرائ، ایم پی ایز کرپشن کر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپی کے کرپٹ عناصر کی سرپرستی میں ملوث ہیں۔ گڈ گورننس عمران خان کا وژن تھا مگر صوبہ میں گڈ گورننس نظر نہیں آرہی، ہسپتالوں کی حالت زار ابتر ہے، عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، سڑکوں کی حالت پہلے سے بھی بری ہوگئی ہے، نوکریاں بیچی جا رہی ہیں اور جس فرسودہ نظام کے خاتمہ کا عمران خان نے نعرہ لگایا تھا، اُسے مزید تقویت دی جا رہی ہے، تاہم محکمہ تعلیم کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا بلدیاتی نظام عمران خان کا وژن تھا، لیکن بلدیاتی نمائندے اختیارات اور فنڈز کی راہ تک رہے ہیں۔ این این آئی کے مطابق پی ٹی آئی کے پانچ ممبران اسمبلی نے خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف بغاوت کردی اور کہا پرویز خٹک تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ سی ایم کی تبدیلی تک تحریک چلائینگے۔ انہوں نے کہا سی ایم کی وجہ سے صوبہ تباہی کی جانب جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عمران خان کو سوچی سمجھی سازش کے تحت ناکام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور صوبائی وزراء کی کرپشن میں برابر کے شریک ہیں۔ صوبے میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں، سب کو سی ایم نے اپنے ساتھ ملا رکھا ہے۔ انہوںنے الزام عائد کیا پورے صوبے کے فنڈز صرف تین اضلاع نوشہرہ، مردان اور صوابی پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ تقریب میں جماعت اسلامی اور اے این پی کے ضلعی اور تحصیل نمائندوں کے علاوہ پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ اراکین قومی اسمبلی نے کہا بلدیاتی انتخابات کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے مگر نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کی راہ میں کرپٹ ٹولہ رکاوٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا واٹر مینجمنٹ، محکمہ مال اور تعلیم میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور خیبر پی کے میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں، سب کو سی ایم نے اپنے ساتھ ملا رکھا ہے۔ مزید برآں تحریک انصاف کے باغی ایم این اے جنید اکبر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک سیاسی خانہ بدوش ہیں کل نہ جانے کس پارٹی میں ہوں گے۔ پرویز خٹک نے زیادہ تر فنڈز اپنے ہی ضلع میں لگا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے حکومت نے احتساب کے محکمہ کو تالا لگا دیا ہے۔ پارٹی کے منشور پر عمل نہ کیا تو اگلے عام انتخابات میں ہم عوام کا سامنا کیسے کریں گے۔ تحریک انصاف کی قیادت سے نہیں بلکہ صوبائی حکومت سے اختلافات ہیں زندگی کا سب سے بڑا مقصد یہ ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم دیکھوں پرویز خٹک تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن