عبداللہ کو والد کے حوالے کرنا ہے یا نانی کے فیصلہ عدالت کریگی: ایدھی سینٹر
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے ایدھی سینٹر میں موجود ننھے عبداللہ سے ملنے اس کے والد پہنچ گئے۔ عبداللہ والد سے کھنچا کھنچا نظر آیا اور قریب آنے سے انکار کر دیا۔ عبداللہ کے والد چودھری اقبال کا کہنا ہے کہ اپنے بچے کے بارے میں خبریں چلنے سے پتہ چلا‘ عدالت میں جائیں گے اور قانونی تقاضہ پورا کریں گے۔ چودھری اقبال کے مطابق بیگم کے کردار پر بھی شک تھا اس لئے اُسے چھوڑ دیا‘ حلیمہ کو 30 سے 40ہزار روپے خرچہ بھیجتا تھا۔ عبداللہ کے سوتیلے بھائی عنصر اقبال کا کہنا ہے کہ ہمارے والد کی دوسری شادی خفیہ تھی‘ ساری دستاویزات ان کی اہلیہ کے پاس تھیں‘ والد چھ ماہ تک بیماری کے باعث حلیمہ اور عبداللہ سے ملنے نہیں آ سکے۔ انصر اقبال کے مطابق ہم چاہتے ہیں کہ حلیمہ کے قاتل ملیں‘ پولیس تفتیش کرے گی تو تعاون کریں گے۔ حلیمہ نے خود ہمارے والد سے طلاق مانگی تھی۔ بلقیس ایدھی کے مطابق بچے کی خالہ نے کہا ہے کہ بچہ ان کے حوالے نہ کریں‘ بچہ والد کے حوالے کیا تو وہ اسے مار ڈالیں گے۔ سعد ایدھی نے کہا کہ عدالت فیصلہ کرے گی کہ بچہ نانی کو دینا ہے یا والد کو۔