• news

ماحولیات کا عالمی دن منایا گیا بہتر معیار زندگی کیلئے قدرتی ماحول پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہو گا: شہباز شریف

اسلام آباد + لاہور (صباح نیوز + خبرنگار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز ماحولیات کا دن منایا گیا جس کا مقصد عوام میں ماحول کی بہتری اور آلودگی کے خاتمہ سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔5 جون 1974 ء سے اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہر سال یہ دن ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے عزم کیساتھ منایا جاتا ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک میں ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے واک، ریلیاں، سیمینارز اور دیگر تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پوری دنیا کو اس وقت ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے اور عالمی حدت میں روزبروز خطرناک تک ضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے لوگوں میں مہلک وبائی امراض پیدا ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحول اور انسانی زندگی ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ ہمیںمعیار زندگی کی بہتری کے لئے قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔ ترقی کے تیز ترین عمل نے قدرتی ماحول کو بے حد متاثر کیا ہے‘ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور صنعتی ترقی کرہ ارض کے ماحول پر بُری طرح اثرانداز ہوئی ہے۔ حکومت موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے خوراک ، پانی اور دیگر ضروریات کو درپیش خطروں سے اچھی طرح سے آگاہ ہے‘ ماحول کے تحفظ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن