زکوٰۃ کٹوتی سے بچنے کیلئے بینکوں سے کروڑوں روپے نکلوا لیے گئے
کراچی(آئی این پی) ملک بھر میں ہزاروں کھاتے داروں نے زکوٰۃ کی کٹوتی سے بچنے کیلئے بینکوں سے کروڑوں روپے نکلوا لیے، جبکہ زکوٰۃ کٹوتی سے استثنیٰ کے سرٹیفکیٹس بھی جمع کرائے گئے، وزارت مذہبی امور نے رواں اسلامی سال کے لیے زکوٰۃ کا نصاب 35 ہزار 557 روپے مقرر کیا ہے۔ یکم رمضان کو اس سے زائد رقم رکھنے والوں کے بینک اکاؤنٹس سے ڈھائی فیصد زکوٰۃ کٹوتی ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستانی قوم کا شمار دنیا میں سب سے کم ٹیکس دینے والی اور سب سے زیادہ خیرات کرنے والی اقوام میں ہوتا ہے، اکثریت حکومت پر عدم اعتماد کے باعث اپنی زکوۃ خود ہی ادا کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔