• news

نوازشریف کیخلاف عدالت نہیں جائونگا مگر استعفیٰ خود ان کیلئے بہتر ہے: افتخار چودھری

لاہور (آئی این پی) پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سر براہ جسٹس (ر) افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ میں نوازشریف کیخلاف عدالت میں پٹیشن لیکر نہیں جاؤنگا مگر استعفیٰ دینا نوازشریف کے اپنے لئے فائد ہ مند ہوگا‘ 20 کروڑ عوام کے ملک میں ون مین شو نہیں چل سکتا، حقیقی جمہوریت ضروری ہے‘ موجودہ اپوزیشن اپنی ذمہ دار پوری نہیں کر رہی‘ صدارتی نظام سے ملک میں کر پشن کے خاتمے سمیت دیگر مسائل حل ہوں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف کا وزیراعظم کے عہدے پر رہنا آئین و قانون کے برعکس ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں، میں صرف اور صرف آئین وقانون پر عمل کی بات کر تاہوں اسلئے وزیراعظم سے عہدے سے الگ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت بلوچستان کو آج بھی نظرانداز کررہی ہے جس کی وجہ سے وہاں احساس محرومی پیدا ہورہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں افتخار چودھری نے کہا کہ پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ہوئی تو حکمرانوں کے بچے ہی نہیں اور بھی بہت سے لوگوں کے نام آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن