دائود خیل: پاکستان میں پہلی دریائی کارگو سروس کا آغاز‘ پورٹ کی تعمیر مکمل
داؤدخیل (نامہ نگار) پاکستان میں پہلی بار دریائی کارگو سروس کا آغاز‘ داؤد خیل کے گندہ نالہ میں دریائی پورٹ کی تعمیر مکمل ہو گئی۔ تاریخی اہمیت کے دریائی راستے سے کارگو سروس داؤد خیل سے اٹک تک پہلے مرحلے میں شروع کی جا رہی ہے۔ دریا میں چلنے کے لئے 120ٹن وزنی جہاز تیار کر لیا گیا یہ جہاز تین سو ٹن وزن کا سامان دریائی راستے سے لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے حکومت پنجاب نے اس منصوبے کے لئے 50کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔ دریائی پورٹ کے منیجر لیفیٹننٹ کمانڈر ریٹائرڈ اقبال نے بتایا کہ میانوالی سے اٹک تک کارگو سروس پہلا مرحلہ ہے اس سروس کو کراچی اور خیبر پی کے تک توسیع دی جائے گی۔ دریائی راستے کی تعمیر کا کام ڈیرھ سال قبل شروع کیا گیا تھا حکومت پنجاب نے باضابطہ طور پر ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ داؤدخیل ریور پورٹ کے نام سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا۔ دریا میں کارگو جہاز کی لمبائی 35 میٹر چوڑائی 5.9میٹر ہے جہاز کا نام ہاتھی رکھا گیا ہے اس جہاز کے بنانے پر چھ کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ داؤدخیل میں تیار ہونے والے سیمنٹ،کھاد کی دریائی راستے سے ترسیل روڈ ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں پانچ گنا سستی اور محفوظ ہو گی اس منصوبے سے میانوالی کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہو گا صنعتی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ پنجاب حکومت عنقریب پرائیویٹ شعبے کو بھی اس میں سرمایہ کاری کی اجازت دے گی اس منصوبے کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جلد کریں گے۔
دریائی کارگو سروس