• news

نواز شریف ہسپتال سے گھر منتقل، صحت میں بہتر ہو رہی ہے: مریم نواز

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز شریف نے تمام اہل وطن کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ رمضان المبارک کا چاند خوشخبری لیکر آیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو گھر منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ قبل ازیں برطانوی ڈاکٹرز نے وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز وزیراعظم کی صحت یابی کی رفتار سے مطمئن ہیں۔ ہسپتال کے عملے نے بھی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقاتیں کیں ہسپتال عملہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف منکسرالمزاج اور ملنسار ہیں۔ نواز شریف نے ہسپتال کے عملے کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور عملے میں چاکلیٹ، پھولوں کی ٹوکریاں تقسیم کیں۔ اس سے پہلے مریم نواز نے کہا تھا ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو ہسپتال کی راہداری میں کئی مرتبہ چہل قدمی کرائی، کئی مرتبہ سیڑھیوں پر چڑھے، اترے، الحمدللہ وزیراعظم تیزی سے روبہ صحت ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر وزیراعظم کی صحت اور رپورٹس سے مطمئن ہیں۔ وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نوازنے کہاہے کہ الحمدللہ وزیراعظم نوازشریف کی صحت کافی بہتر ہورہی ہے، انہوں نے کھانا پینا شروع کردیا ہے اوروہ ہر گھنٹے بعد چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔ حسین نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، عرفان صدیقی اور جنید صفدر نے وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کی۔ ڈاکٹروں کا مشورہ ہے کہ ایک سے دو ہفتے آرام کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم کے بلڈ ٹیسٹ کے نتائج بہتر آرہے ہیں۔ آپریشن کے بعد دی جانے والی بیشتر ادویات بند کر دی گئی ہیں۔وزیراعظم پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 25 منٹ پر ہسپتال سے باہر نکلے اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکن ان کا استقبال کرنے کیلئے موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے لوگوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔ وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور بیٹے حسن اور حسین نواز ان کے ساتھ تھے۔ نواز شریف کسی سہارے کے بغیر خود چل کر ہسپتال سے باہر آئے۔نوازشریف کے معالج چیف سرجن ڈیوڈ لارنس نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی پر ڈاکٹروں کی ٹیم کو خوشی ہے۔ نوازشریف کے فالو اپ کا پلان ترتیب دیا ہے۔ نواز شریف فالو اپ کیلئے ہسپتال آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن