ہائیکورٹ نے ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے کہا کہ ملکی معیشت ڈانواں ڈول اور قومی خزانہ خالی ہونے کے باوجود ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ سادگی کے اسلامی اصول اور ملکی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی شہری صحت، تعلیم اور بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ ملکی ضروریات کے لئے قرض اٹھائے جا رہے ہیں مگر ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کر کے انہیں قرضوں سے حاصل شدہ رقم سے نوازا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عام سرکاری ملازمین اور بنیادی ضروریات سے محروم پاکستانیوں میں احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے۔