نیب کے لاہور کراچی پشاوربلوچستان کے ڈی جیز کی تعناتیوں کیخلاف درخواست د ائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی ) ڈی جی نیب کراچی، لاہور، پشاور اور ڈی جی بلوچستان کی مبینہ طور پر غیر قانونی تعیناتیوں کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ خصوصی دستاویزات کے مطابق ڈی جی نیب کراچی کرنل ریٹائرڈ سراج النسیم، ڈی جی نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک، ڈی جی نیب لاہور میجرریٹائرڈ سید برہان علی اور ڈی جی نیب پشاور میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کی تعیناتی نیب کے قانون کی خلاف ورزی ہے، جبکہ ٹرمز اینڈ کنڈیشنز آف نیب 2002ء کی سیکشن 336 کے مطابق کسی بھی عہدے پر چھ ماہ سے زائد کرنٹ چارج پر تعیناتی نہیں کی جا سکتی۔ ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین نیب ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے نیشنل مینجمنٹ کورس اور انیس سکیل میں مدت مکمل نہ کرنے پر نیب کی سلیکشن بورڈ میٹنگ 2013ء میں مذکورہ ڈی جیز کی پروموشن روکی دی تھی۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی طور پر تعینات ہونے والے ڈی جیز کو کام کرنے سے روکا جائے اور غیر قانونی تعیناتیوں میں ملوث چیئرمین نیب کے خلاف انکوائری کا حکم بھی دیا جائے۔