صوبائی حکومتیں رمضان میں قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کریں: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو خط لکھا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتیں رمضان المبارک میں اشیا کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ وفاق نے بجٹ میں ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جس سے قیمتوں میں اثر پڑے۔ رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو سہولتیں دینے کی کوشش کی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ملک بھر میں مرغی کے گوشت کے نرخ میں اضافے کا نوٹس لے لیا ہے اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کو نرخ مناسب سطح پر لانے کی ہدایت کر دی ہے۔ پولٹری ایسوسی ایشن نے 2دن کے اندر نرخ مناسب قیمت پر لانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔