• news

پنجاب کا بجٹ 1650 ارب سے زائد ہوگا ترقیاتی کاموں کیلئے 550 ارب روپے مختص کئے جائیں گے

لاہور(خصوصی نامہ نگار) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس 13جون کو طلب کرلیا۔ وزیرخزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا 13جون کو سہ پہر4 بجے مالی سال 2016-17ء کا بجٹ پیش کریں گی۔بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 1650ارب روپے سے زائد ہوگا جس میں ترقیاتی کاموں کے لئے 550ارب روپے سے زائد مختص کئے جائیں گے۔ بجٹ میں توانائی کے لئے 18ارب 40کروڑروپے، بیرونی سرمائے سے چلنے والے پراجیکٹس کے لئے30 ارب، کینال روڈ کی توسیع کے لئے 5ارب، کسان پیکج کے لئے 50ارب اور ویمن ڈویلپمنٹ کے لئے 57کروڑ 50لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔ہائر ایجوکیشن کے لئے 13ارب 49کروڑ، سکول ایجوکیشن کے لئے 22ارب 62کروڑ، لٹریسی کے لئے 2ارب 16 کروڑ، سپیشل ایجوکیشن کے لئے 90کروڑ اورسکولوں کی خراب عمارات کی تعمیر ومرمت کے لئے 9ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔ بجٹ میں سوشل ویلفیئر کے لئے 61کروڑ روپے، واٹرسپلائی اورسینی ٹیشن کے لیے 14ارب 95 کروڑ روپے اور سڑکوں کے لئے 79ارب 81کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے سول سیکرٹریٹ میں بجٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے منظوری کے بعد بجٹ کی پیشکش کے لئے حتمی تاریخ طے کر لی گئی ہے۔ بجٹ 13جون کو پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ ایک ترقیاتی بجٹ ہوگا‘ چھوٹے کسانوں کو در پیش مسائل اور زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن