• news

رویت ہلال کا مسئلہ، چیئرمین سینٹ نے وزیر مذہبی امور کو آج طلب کرلیا

اسلا آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سینٹ کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔ سینیٹر اعظم ہوتی نے کہا کہ آج خوشی ہے کہ حامد سعید کاظمی اور انکے ساتھی جیل کے اندر ہیں۔ اسلام آباد میں ہر چوتھی کوٹھی بے نامی ہے، ٹیکس چوری کی نذر ہے۔ ایف بی آر ہاتھ ڈالے تو آئی ایم ایف اور ان ڈائریکٹ ٹیکس سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ چیئرمین سینٹ سینیٹر رضا ربانی نے رویت ہلال کے مسئلہ پر ایوان کو اعتماد میں لینے کیلئے (آج) منگل کو وفاقی وزیر مذہبی امور سر دار محمد یوسف کو ایوان میں طلب کرلیا ۔ پیر کو اجلاس کے دوران عوامی اہمیت کے معاملہ پر سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ وہ چاند کی رویت کے مسئلہ پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ ملائیشیا میں چاند نظر آ گیا ہے، یہاں نظر نہیں آیا، آج کی سائنسی دنیا میں یہ مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، وزارت مذہبی امور کو بلا کر سنا جائے اور چاند کی رویت کے مسئلے کا حل نکالا جائے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ مذہبی امور کے وزیر (آج) منگل کو ایوان میں آ کر اس مسئلے پر روشنی ڈالیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ چاند کراچی اور پشاور میں بھی الگ الگ نظر آتا ہے، یہ بڑا مسئلہ ہے نہ کہ پاکستان اور ملائیشیا میں الگ الگ دن چاند نظر آنا بڑا مسئلہ ہے۔ سینیٹر سعود مجید نے کہا کہ اس انتشار کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ رضا ربانی نے تھر میں گزشتہ 30 ماہ کے دوران موت کا شکار ہونے والے 1300 شیر خواروں اور بچوں کے حوالے سے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کو زیر بحث لانے سے متعلق تحریک التواء مسترد کر دی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر محمد عتیق شیخ کی جانب سے اس معاملے پر تحریک التواء منظوری کے تعین کے لئے ایجنڈے پر تھی۔ عتیق شیخ نے تحریک التواء کی منظوری کے لئے دلائل دیئے تاہم چیئرمین نے انہیں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ صوبے سے متعلق ہے، اس لئے اس معاملہ پر تحریک التواء منظور نہیں کی جا سکتی۔ جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق کی جانب سے نشتر ہسپتال ملتان کی نرسوں کے احتجاج کو زیر بحث لانے سے متعلق تحریک التواء موخر کر دی گئی۔ سراج الحق کی جانب سے اس معاملہ پر تحریک التواء منظوری کے تعین کے لئے ایجنڈے پر تھی تاہم متعلقہ وزیر ایوان میں موجود نہیں تھے، علاوہ ازیں رضا ربانی نے خطے میں ہتھیاروں کی خطرناک دوڑ کا باعث بننے والے بھارت کے انٹرسیپٹ میزائل کا تجربہ کرنے کے معاملے کو زیر بحث لانے کے لئے تحریک التواء بحث کے لئے منظور کرلی۔ سینیٹر جاوید عباسی کی اس حوالے سے تحریک التواء منظوری کے تعین کے لئے ایجنڈے پر تھی۔ تحریک پر بحث آج منگل کو کی جائے گی۔ علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کی جانب سے خیبر پی کے حکومت کے 24 مطالبات میں سے مطالبہ نمبر 24 پر کمیٹی کی رپورٹ سینٹ میں پیش کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن