حکومت میں آ کر کسانوں سے ہونے والی انصافیوں کا ازالہ کریں گے: عمران
لاہور (صباح نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت میں آکرکسانوں سے کئی دہائیوں سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے، حکمرانوںکے استحصال کے باوجود ہمارا کسان دن رات محنت کر کے ملک کیلئے خوراک کی ضروریات پوری کر رہا ہے۔ جمشید اقبال چیمہ کی سربراہی میں اوریگا گروپ کی زراعت کی ترقی اور کسانوں کو جدت اور اس شعبے میں دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہی کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’نیشنل فوڈ سکیورٹی کانفرنس 2016‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس زراعت کو سمجھنے والے جمشید اقبال چیمہ جیسے ماہرین موجود ہیں۔ زراعت اور کسانوں کی ترقی کیلئے ہوم ورک مکمل کر رکھا ہے انشا اللہ جب بھی حکومت میں آئیں گے اس شعبے میں ایمرجنسی کا نفاذ کر یں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کسان کئی دہائیوں سے استحصال کے باوجود نہ صرف ملک کی خوراک بلکہ صنعتوں کیلئے خام مال کی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں نے اس طبقے کو مکمل نظرانداز کیا۔ حکومت نے ہمارے احتجاج کے باعث کسانوں کے لئے پیکجز کے اعلانات کئے لیکن اس میں تفریق برتی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو پیسہ عوام پرخرچ ہونا چاہیے وہ 200 ارب کی میٹرو ٹرین پر ہوجاتا ہے، اگر یہی رقم کسانوں پر خرچ کی جائے تو اس کا فائدہ سب کو نظرآجائے گا لیکن حکومت کو ملک کے دیہی علاقے کے بارے میں کوئی فکر نہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں اب تک آنے والی حکومتوں نے زراعت کے شعبے کو مکمل طور پر نظرانداز کیا۔ خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زراعت کے شعبے کی ترقی نا گزیر ہے جس کیلئے ریسرچ پر توجہ دینا ہو گی۔