• news

بجٹ، عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا: شہباز شریف، رمضان بازاروں میں بیسن، دال چنا پر سبسڈی بڑھانے کا فیصلہ

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے مختلف تجاویز اور ترجیحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست اور عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہوگا۔ بجٹ غریب پرور ہوگا جس میں عام آدمی پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور سماجی بہبود کے دیگر شعبوں کیلئے اربوں روپے کے اضافی وسائل رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار معاشی ترقی اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معیاری تعلیم کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس مقصد کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی اور ان علاقوں میں ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں گی۔ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے اور ان علاقوں میں عوام کی دہلیز پر انہیں معیاری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور وسائل کی ایک ایک پائی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر نہایت شفاف طریقے سے صرف کی جا رہی ہے۔ پاکستان کو توانا اور معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے صنعت و حرفت کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو بھی مضبوط بنانا ہے۔زرعی شعبے کی بہتری اور کسان کی فلاح و بہبود کیلئے بھی انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آئندہ 2 سالو ں کیلئے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے اور کسانوں کی خوشحالی کے پیش نظر 100 ارب روپے کا بے مثال زرعی پیکیج دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد سے زراعت ترقی کرے گی اور کسان کی حالت زار بدلے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے رمضان بازاروں میں بیسن اور دال چنا کی سبسڈی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت رمضان بازاروں میں دال چنا اور بیسن کے نرخوں میں فی کلو 10 روپے مزید کمی کی جائے گی۔ اس کے بعد رمضان بازاروں میں دال چنا اور بیسن اوپن مارکیٹ سے 20 روپے فی کلو کم قیمت پر دستیاب ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ مجھے عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے،منافع کی آڑ میں کسی کو لوٹ مار نہیں کرنے دوں گا۔وزیراعلیٰ نے ترکی کے شہر استنبول میں پولیس بس کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، جڑانوالہ میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن