عمران کی زیرصدارت اجلاس، ایم پی ایز کی پرویز خٹک، شاہ فرمان اور دیگر کیخلاف شکایات
پشاور (نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہائوس خیبر پی کے میں اجلاس ہوا جس میں ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک، شاہ فرمان، شہرام ترکئی اور عاطف خان کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ عمران خان نے معاملے کے حل کے لئے وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور میں عمران خان کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہائوس میں اجلاس ہوا۔ عمران خان نے کئی ایم پی ایز کو جھاڑ پلا دی اور معاملے کے حل کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی 2ہفتے میں رپورٹ عمران خان کو پیش کرے گی۔ ایم پی ایز نے عمران خان سے شکایت کی کہ ورکرز ہم سے تبدیلی کا سوال کرتے ہیں مگر تبدیلی نظر نہیں آتی۔ وزراء کی کارکردگی جانچنے کے لئے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد وزراء کو تبدیل کئے جانے کا بھی امکان ہے ۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے اور ناراض ارکان اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ارکان اسمبلی اتحاد پیدا کر کے انتخابات کی تیاری کریں۔ دریں اثناء پی ٹی آئی کا بنی گالہ میں بلایا گیا اجلاس ملتوی ہو گیا۔ شاہ محمود قریشی اور علیم خان نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی تھی۔ اس سے قبل بنی گالہ میں ہونے والا اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا تھا۔ پنجاب میں عبوری صدارت کیلئے تحریک انصاف کا کوئی دھڑا دوسرے کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔ عمران خان پارٹی تنظیم کے عبوری سیٹ اپ کا فوری قیام چاہتے ہیں۔