پی سی بی کا دورہ انگلینڈ کے لئے نیا ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کا فیصلہ
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر ) دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیا کوڈ آف کنڈکٹ تیار کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کوڈآف کنڈکٹ ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، منیجر انتخاب عالم اور مصباح الحق مل کر تیار کریں گے۔ اس سے پہلے پرانا کوڈ آف کنڈکٹ وقار یونس کے ساتھ مل کر بنایا گیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہے۔ذرائع کے مطابق دورہ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کو کرفیو ٹائم کا پابند کیا جائے گا۔ کوئی کھلاڑی بغیر اجازت کسی سے ملاقات نہیں کرسکے گا۔ ہوٹل میں قیام کے دوران کھلاڑیوں کو پابندی کیا جائے گا کہ وہ واپسی کے اوقات کی پابندی کریں ۔اگر کوئی کھلاڑی ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا تو اسے سخت سزا کا سامان کرنا ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتاہے کہ گزشتہ دورہ انگلینڈ کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعہ جیسے واقعات سے بچا جا سکے ۔ پاکستان کے محمد عامر‘سلمان بٹ ‘محمد آصف میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے سزا بھگت چکے ہیں ۔ پی سی بی چاہتا ہے کہ دوبارہ ایسا نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔ دورہ انگلینڈ کے دوران میڈیا بھی سختی سے پیش آئیگا اس لئے کھلاڑیوں کو ہدایات کی جائیں گی وہ بلاوہ انٹریوز کے چکر میں نہ پڑیں ۔ پی سی بی نے کپتان ‘کوچ اور منیجر کو اختیار دیا ہے کہ وہ سخت سے سخت ضابطہ اخلاق بنائیں تاکہ کھلاڑیوں کو مسائل سے دور رکھا جاسکے ۔ کھلاڑیوں کے ہوٹل سے باہر جانے اور دعوتوں میں جانے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی ۔