• news

’’مری میں ٹیچر لڑکی کو زندہ جلانے کا واقعہ‘‘ سپریم کورٹ بار نے عاصمہ جہانگیر سمیت 3ارکان کی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مبینہ طور پر مری میں’’رشتہ نہ دینے پر جواں سال خاتون ٹیچر ماریہ کو تشدد کے بعد زندہ جلا دینے‘‘ سے متعلق دل ہلا دینے والے واقعہ کے حقائق کی جانچ پڑتال کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، بدھ کو بار کے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی میں بار کے دو سابق صدور عاصمہ جہانگیر اور کامران مرتضیٰ اور ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن تہمینہ محب اللہ شامل ہیں۔ کمیٹی نہ صرف اپنے طور پر اس معاملہ کے حقائق کی جانچ پڑتال کرے گی بلکہ پولیس کی تفتیش پر بھی نظر رکھے گی اور اپنی رپورٹ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو پیش کرے گی، سپریم کورٹ بار کے صدر بیرسٹر علی ظفر نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال دن دہاڑے سینکڑوں خواتین کو جلا دیا جاتا ہے اور مجرم کھلے عام گھومتے پھرتے رہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر قیمت پر خواتین اور بچوں پر تشدد کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار جانچ پڑتال کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اس کیس کو انسانی حقوق کے کیس کے طور پر لے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن