کراچی: ناردرن بائی پاس سے نعش برآمد صدر میں چھاپے‘ 7مشتبہ افراد گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جو تین سے چار روز پرانی ہے اور فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ ادھر سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں کمسن بچہ 6 سالہ فراز نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ قائد آباد کے علاقے میں مرغی خانہ سٹاپ کے نزدیک مسلح افراد نے ایک شخص 32 سالہ عمیر ولد ذوالفقار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ جب کہ لانڈھی کے علاقے دائود چالی میں ایک شخص 35 سالہ لطیف اللہ کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا۔ دوسری طرف صدر میں ہوٹلوں اور مسافر خانوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 2 غیر ملکیوں سمیت 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔