• news

ملزم رضوان نے حلیمہ کو دوپٹے سے گلا گھونٹ کر قتل کیا، آج ریمانڈ لیں گے: ایس ایس پی انویسٹی گیشن

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر) ایس ایس پی انویسٹی گیشن کراچی عدیل چانڈیو نے پریس کانفرنس میں حلیمہ کیس کے ملزم رضوان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔ ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ حلیمہ قتل کیس ہائی پروفائل تھا۔ ملزم کا کہنا ہے حلیمہ مجھ سے شادی پر اصرار کر رہی تھی۔ ملزم نے حلیمہ کو دوپٹے سے گلا گھونٹ کر قتل کیا آج جمعہ کے روز ملزم رضوان کا ریمانڈ لیں گے۔ رضوان کے حلیمہ کے ساتھ چند ماہ سے تعلقات تھے۔ حلیمہ چاہتی تھی کہ ملزم اس سے شادی کرے۔ بچے کی حوالگی کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ ملزم کی اہلیہ کا قتل میں کوئی کردار سامنے نہیں آیا۔ ملزم رضوان بہت ساری سمز استعمال کر رہا تھا۔ علاوہ ازیں حلیمہ قتل کیس کے تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کیس میں نامزد ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ حلیمہ کے زیورات بھی بیچ چکا ہے۔ تفتیش میں یہ بھی پتہ چلا کہ حلیمہ کا ملزم سے پیسوں کی واپسی پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ تفتیشی ذرائع شبہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ملزم رضوان نے حلیمہ سے خفیہ شادی کر رکھی تھی، اس پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ کیس کے تفتیشی افسر عرشان کریم کے والد کی وفات کے باعث تفتیش بلوچ کالونی تھانے کے اہلکار نصراللہ کو دے دی گئی ہے۔ ملزم رضوان ایاز کو بدھ کے روز سپر ہائی وے سے گرفتار کیا گیا تھا جمعرات کو اسے فریپئر تھانے سے بلوچ کالونی تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم رضوان کے مقامی عدالت سے ریمانڈ کے حصول کے بعد جلد ہی اس کے خلاف مقدمہ کا چالان پیش کر دیا جائے گا۔ پولیس نے ملزم رضوان کی نشاندہی پر جعلی نیوز ایجنسی کے لیٹر ہیڈ بھی برآمد کر لئے ہیں۔ دوسری جانب حلیمہ کے سابق شوہر چودھری اقبال نے اپنے بیٹے عبداللہ کی حوالگی کے لئے فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے جبکہ ایدھی ہوم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عبداللہ کی حوالگی سے متعلق عدالت جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
فیملی کورٹ سے رجوع

ای پیپر-دی نیشن