بھارتی فوج نے 7 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا زبردست مظاہرے جھڑپیں بیسیوں زخمی وگرفتار
سری نگر ( اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں پر احتجاجی مظاہرے ،لوگ گھروں سے باہر نکل آئیٗ کپواڑہ ضلع میں سکیورٹی فورسز کی پرتشدد کارروائیاں ،حالات کشیدہ ہوگئے بیسیوں کشمیری زخمی ، متعدد کو حراست میں لے لیا گیا، مشتعل مظاہرین کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر پتھرائو ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے علاقے کولگام میں بھارتی فوج نے 7 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے لیا جس کے رد عمل میں کولگام میں معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ مشتعل لوگو ں نے جلوس نکالے اور اسلام اور آ زادی کے حق میں نعرہ بازی کی ۔عینی شاہدین نے بتا یا کہ جو ں ہی فوج کی بکتر بند گاڑی پولیس تھانہ کے قریب پہنچی مشتعل لوگو ں نے فوج کی گا ڑی پر زبردست پتھرائو کیا اور اس کے شیشے چکنا چور کئے جبکہ احتجاجی مظاہرین نے پولیس تھانہ ہندوارہ کے مین گیٹ کو بھی نشانہ بنایا جس کے بعد قصبہ میں حالات دوبارہ کشیدہ ہوگئے ۔ مظاہرین نے مشتعل ہوکر ایک مرتبہ پھر مین چوک ہندوارہ میں قائم فورسز بینکر پر دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی جس دوران تعینات فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان زبردست مزاحمت ہوئی ۔ مظاہرین نے مشتعل ہوکر فورسز پر پتھرائو کیا جبکہ جوابی کارروائی کے دوران فورسز نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ اشک آور گیس کا استعمال کیا ۔