پنجاب بجٹ: سمال انٹرٹینمنٹ ٹیکس ختم، خواجہ سراؤں کو بھی فائدہ ہو گا
لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب حکومت نے بجٹ 2016-17ء میں کھیل تماشوں (سمال انٹرٹینمنٹ) پر عائد 20 فیصد تفریحی ٹیکس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے تین ماہ میں گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کرنے والے شہریوں کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے انعامی سکیم بھی شروع کی جا رہی ہے۔ سمال انٹرٹینمنٹ پر ٹیکس ختم ہونے کا خواجہ سراؤں کو بھی فائدہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں میلوں ٹھیلوں، ورائٹی شوز، بازی گری، موت کے کنویں، میجک شوز، عارضی ناچ گھر، مختلف کرتبوں، ڈانس، رقص اور تفریحی پروگراموں یعنی سمال انٹرٹینمنٹ پر عائد ٹکٹ کا 20 فیصد تفریحی ٹیکس ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ نئے مالی سال 2016-17ء کے بجٹ میں سمال انٹرٹینمنٹ پر عائد تفریحی ٹیکس کے خاتمے کی نوید سنائی جائے گی۔ علاوہ ازیں حکومت نے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس نئے مالی سال 2016-17ء کے آغاز یکم جولائی سے 3 ماہ کے اندر یعنی جولائی، اگست، ستمبر کے دوران جمع کرانے والے شہریوں کو 10 فیصد رعایت (ربیٹ) کے علاوہ ان کے لئے انعامی سکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سکیم کے تحت نئے مالی سال 2016-17ء میں 3 کروڑ روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔ 3 کروڑ روپے سے گاڑیاں، موٹرسائیکل اور عمرہ کے ٹکٹ اور دیگر انعام خرید کر پہلے تین ماہ میں ٹوکن ٹیکس جمع کرانے والے شہریوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کئے جائیں گے۔