• news

شیریں مزاری کیخلاف ریمارکس کے حوالے سے خواجہ آصف کو لکھا ہے: سپیکر

اسلام آباد(اے پی پی+آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایوان سے باہر ہونے والے واقعات کے ہم جوابدہ نہیں ہیں‘ شیریں مزاری کے بارے میں ریمارکس کے حوالے سے وزیر پانی و بجلی کو لکھ دیا ہے‘ جواب آنے پر آگاہ کردیں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ڈاکٹر شیریں مزاری نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز سپیکر آفس میں قاعدہ 95 کے تحت ایک تحریک جمع کرائی تھی۔ وزیر پانی و بجلی نے میری ذات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ابھی تک معذرت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وومن کاکس نے بھی اس مسئلے پر میری حمایت نہیں کی۔ پی ٹی آئی کی خواتین ارکان وومن کاکس کا بائیکاٹ کریں گی اس پر سپیکر نے کہا کہ ایوان سے باہر جو کچھ ہوتا ہے اس کے ہم جوابدہ نہیں ہیں۔ میں نے خواجہ محمد آصف کو لکھ دیا ہے جیسے ہی جواب آئے گا آپ کو آگاہ کردیں گے۔تحریک انصاف کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو وزیر دفاع خواجہ محمدآصف کے خلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیا، خط کے متن میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے ان کی تضحیک کی اور ان کے الفاظ سے میرا استحقاق مجروح ہوا، انہوں نے ایوان کے سامنے معافی بھی نہیں مانگی، ان کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔ تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے خواجہ آصف کی جانب سے نازیبا زبان کے استعمال پر قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی، جس میں وزیر دفاع سے ایوان میں کھڑے ہو کر اور ان کا نام لے کر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سپیکر

ای پیپر-دی نیشن