پانامہ لیکس تحقیقات پر اپوزیشن جماعتوں میں تقسیم کا امکان
اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پانامہ پیپرز لیکس اور کرپشن کے دیگر معاملات کی تحقیقات کیلئے قانون سازی پر اپوزیشن جماعتوں کے تقسیم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے تحریک انصاف‘ ٹی او آر پارلیمانی کمیٹی سے الگ ہو جائیگی۔ تحریک انصاف وزیراعظم محمد نوازشریف کیخلاف تحقیقات کرانے کیلئے ان کا نام قانون سازی میں شامل کرنا چاہتی ہے جبکہ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کسی شخص کے حوالے سے قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ اگر خاص طور پر وزیراعظم نوازشریف کا نام لیکر قانون بنایا گیا تو وہ عدالت میں چیلنج ہوجائیگا جبکہ حکومت قرضے معاف کرانے اور کک بیکس لینے والوں کیخلاف وسیع قانون بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت پانامہ پیپرز لیکس پر عوام کو عیدالفطر کے بعد سڑکوں پر آنے کی کال دیدیگی جبکہ اپوزیشن کی بیشتر جماعتیں جن میں پیپلزپارٹی بھی شامل ہے حکومت سے مذاکرات کا عمل جاری رکھنا چاہتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے ایک سینئر رہنما نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت نے کو جس قدر دباؤ میں ڈالنا تھا ڈال دیا، اپوزیشن نے اپنے مقاصد پورے کرلئے ہیں اس سے زیادہ ’’کاؤنٹر پروڈکٹو‘‘ ہوگا پیپلزپارٹی جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کی کسی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی۔
اپوزیشن