یورو فٹبال کپ سے قبل شائقین لڑ پڑے، آنسو گیس کا استعمال،2 برطانوی شہری گرفتار
پیرس(سپورٹس ڈیسک)فرانس کے شہر مارسے میں یورو فٹبال کپ 2016 شروع ہونے سے پہلے پولیس نے مقامی لوگوں اور انگلینڈ کے فٹبال شائقین کے درمیان جھگڑے پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا اور دو برطانوی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق فٹ بال میچ دیکھنے کے لیے آنے والے ایک شخص کو ایک مقامی بار میں بار مین پر حملہ کرنے اور دوسرے کو بدنظمی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔مارسے میں برطانوی شائقین کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیے جانے والے برطانوی پولیس افسر سٹیو نیل کا کہنا ہے کہ جھگڑا انگلینڈ کے فٹبال شائقین اور مقامی نوجوان کے درمیان ہوا۔یہ جھگڑا جمعرات کو آدھی رات کے وقت مقامی نوجوانوں اور برطانوی فٹبال شائقین کے درمیان شہر کی پرانی بندرگاہ کے علاقے میں واقع ملکہ وکٹوریہ پب کے باہر ہوا۔ایک مقامی ویب سائٹ کے مطابق چار فرانسیسی پولیس اہلکار برطانوی شائقین جھگڑے میں زخمی ہو گئے۔ ہاتھاپائی ملوث ہونے والے تمام افراد نشے میں تھے۔برطانوی پولیس اہلکار سٹیو نیل نے ریڈیو فائیو لائیو سے انٹرویو میں کہا کہ جھگڑا نصف شب کو شروع ہوا جس میں برطانوی فٹبال شائقین اور مقامی نوجوانوں شامل تھے۔مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس پھینکی اور پب کو بند کروا دیا۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں آنسو گیس کا استعمال نہیں کیا جاتا اس لیے یہ برطانوی شہریوں کے لیے یہ بہت غیر معمولی بات ہے لیکن یورپ میں پولیس اس طرح کی صورت حال میں اکثر آنسو گیس کا استعمال کرتی ہے۔اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے پر کرسیاں پھینک رہے ہیں اور انگلینڈ کے فٹبال شائقین پولیس کے گھیرے میں نعرے لگا رہے ہیں۔جائے وقوعہ پر پولیس کی ایمبولینس بھی فوری طور پر پہنچ گئی اور حفاظتی ڈھالیں اٹھائے پولیس اہلکار جھگڑے میں ملوث افراد کو علیحدہ کرنے کی کوشش کرتے رہے جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس پھینکی۔سٹیو نیل نے کہا کہ یورو فٹبال میچوں کے دوران ہزاروں کی تعداد میں برطانوی فٹبال کے مقابلے دیکھنے کے لیے فرانس آئیں گے۔فرانس میں حال ہی میں ایک فرانسیسی کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے کے بعد یورو فٹبال مقابلوں کے لیے غیر معمولی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔