• news

اسلام آباد ہمیں نقصان پہنچانا درست سمجھتا ہے‘ بھارت : ہمارے کسی ادارے نے کبھی ایسی کارروائی نہیں کی : پاکستان

نئی دہلی (آن لائن+ آئی این پی + کے پی آئی) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ فوری مذاکرات کیلئے کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی اور نہ ہی مذاکرات کے بارے میں حکومت نے کوئی فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ وکاس سروپ نے نئی دہلی میں میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کے لئے تاریخ کے تعین بارے پس پردہ کوششوں کے حوالے سے رپوٹوں میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت پہلے پاکستان کی حکومت کی کارروائی کا منتظر ہے کہ اسلام آباد پٹھانکوٹ حملے میں ملوث عناصر جو کہ پاکستان میں موجود ہیں اور جن کے بارے میں پاکستان کی حکومت کو مکمل ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں کس طرح کی کارروائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس بات کی امید ہے کہ پاکستان کی حکومت نے جو وعدے کئے ہیں کہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اس پر اسلام آباد عملدرآمد کرے گا۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مذاکرات کا سلسلہ منسوخ نہیں کیا جبکہ بھارت اس بات کے حق میں ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات ہوں لیکن اس کے لئے یہ لازمی ہے کہ پاکستان پہلے ایسی فضاء کو قائم کرے جس سے مذاکرات شروع کرنے کا بہترین ماحول بن سکے۔ اس دوران وکاس سروپ نے ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا اس حملے میں ملوث عناصر جو کہ پاکستان میں ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنا بھی پاکستان کے لئے ایک امتحان ہے اور بھارت یہ دیکھ رہا ہے پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں کس قدر سنجیدہ ہے۔ دوسری جانب امور داخلہ کے بھارتی وزیر راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی منظم کاروائیوں کے نتیجے میں جموں کشمیر میں عسکری سرگرمیوں میں کافی کمی آرہی ہے جبکہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کی حکومت کے دو سالوں میں ریاست کے علاوہ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی صورتحال کافی بہتر ہوئی ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ان دو برسوں میں سرحد پار سے در اندازی کے واقعات میں52فیصد کی کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر نے ایک بار پھر بھارت میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارت کو نقصان پہنچانا صحیح ہے۔
اسلام آباد (صباح نیوز) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پا کستان کا کوئی ادارہ کبھی بھارت میں کسی واقعہ میں ملوث نہیں رہا، مذاکرات کے حوالہ سے بھارتی شرائط منظور نہیں، پٹھانکوٹ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ہمارے ادارے کام کر رہے ہیں، ایسے واقعات کی تحقیقات کئی سال چلتی رہتی ہیں ہمیں بے صبر نہیں ہونا چاہیے۔ پٹھانکوٹ واقعہ میں بھارت نے پاکستان کے ملوث نہ ہونے کا اعتراف کیا، تو یہ کوئی اچھوتی بات نہیں، بال اب بھارت کی کورٹ میں ہے، دیکھتے ہیں وہ کب ادھر لوٹاتا ہے، ہمارے لیے مسئلہ کشمیر اور سیاچن بھی بہت اہم ہیں، سارے معاملات کو روکدینا اور ایک دو دہشت گردی کو پکڑ کر پورے تعلقات کی تشریح کرنا درست نہیں۔ ان خیالات کا اظہار اعزاز احمد چودھری نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے 26 اپریل کو نئی دہلی میں بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر سے کہا تھا کہ مذاکرات کرنا کسی ایک قوم کا دوسری قوم پر احسان نہیں یہ ایک نارمل طریقہ ہے۔ مذاکرات کے لئے ہمیں شرائط منظور نہیں اعزاز احمد چودھری کا کہنا تھا کہ پٹھانکوٹ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ہمارے متعلقہ ادارے کام کررہے ہیں جیسے ہی مزید پیشرفت ہوگی وہ ہمیں اس بارے میں بتائیں گے۔
اعزاز چودھری

ای پیپر-دی نیشن