پانامہ کمشن نہ بنا تو عید کے بعد حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو جائیگی: سراج الحق
لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے تاخیری حربوں اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے اب تک ٹی او آرز پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، اب حکومت کے پاس وقت بہت کم رہ گیا ہے، اگر رمضان المبارک میں پانامہ لیکس اور آف شور کمپنیوں کے متعلق تحقیقات اور فیصلہ کرنے والا آزاد اور خود مختار کمشن نہ بن سکا تو عید کے بعد حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو جائے گی۔ اوباما کی طرف سے افغانستان میں امریکی افواج کی تعداد میں اضافہ کی منظوری خطے میں مستقل اور پائیدار امن کے لیے خطرناک ہو گی۔ یک محوری دنیا ناقابل قبول ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، یہ نہیں ہو سکتاکہ ایک کو تھانیدار اور دوسرے کو غلام بنا کررکھا جائے۔ امریکہ نے رویہ نہ بدلا تو خطہ جنگ کی طرف چل پڑے گا۔ پنجاب میں خواتین کو جلانے کے مسلسل واقعات قابل تشویش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی طرف سے منصورہ سٹاف کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب اور صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ احتساب کے بجائے صرف شور شرابہ کے حامی ہیں تاکہ سنجیدہ اور حقیقی احتساب کے معاملے کو دبا دیا جائے۔ ملک میں احتساب کا مطالبہ پارٹیوں کا نہیں، قوم کا ہے لیکن اب تک کے حکومتی رویہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت احتساب سے کترا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا تو عوام کے اندر ایک پکنے والا لاوا پھٹ پڑے گا اور پھر کسی کو اپنے بچائو کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی اپنے اعلیٰ منصب اور اثر و رسوخ کی بنیاد پرخود کو احتساب سے بالاتر سمجھتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے، احتساب سب کا بے لاگ ہوگا اور کوئی ’’مقدس گائے‘‘ احتساب سے بچ نہیں سکے گی۔
سراج الحق