ایمن الظواہری نے طالبان سربراہ مْلا ہیبت اللہ کی بیعت کا اعلان کر دیا
قاہرہ (آن لائن) القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے افغان طالبان کے نئے سربراہ مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کی بیعت کا اعلان کردیا۔یاد رہے کہ افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد گذشتہ ماہ ہی مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو تنظیم کا نیا امیر مقرر کیا گیا تھا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایمن الظواہری نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں اس بات کا اعلان کیا۔ 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی فوج کے خفیہ آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد ایمن الظواہری کو القاعدہ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ اپنی 14 منٹ کی آڈیو ریکارڈنگ میں ایمن الظواہری نے کہا، ' جہادی تنظیم القاعدہ کے سربراہ کی حیثیت سے میں ایک بار پھر (نئے افغان سربراہ کی) بیعت کا اعلان کرتا ہوں اور ساتھ ہی مسلمانوں کو امارت اسلامیہ کے قیام کے لیے اسامہ بن لادن کے نقطہ نظر کی حمایت کی دعوت دیتا ہوں'۔ ایمن الظواہری کی مذکورہ آڈیو ریکارڈنگ کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔امریکہ سے تعلق رکھنے والے مانیٹرنگ گروپ سائٹ (SITE) کے مطابق ایمن الظواہری نے کہا ہم کاشغر سے اندلس‘ قفقاز سے صومالیہ اور وسطی افریقہ‘ کشمیر سے القدس‘ فلپائن سے کابل اور بخارا اور سمرقند سمیت مسلمانوں کی چھینی گئی ایک ایک انچ زمین واپس لینے کیلئے آپ کے ہاتھ پر بیعت کرتے ہیں۔
ایمن الظواہری/ بیعت