پاک چین دوستی مستقبل میں نئی بلندیوں کو چھو لے گی: چینی سفیر اسحٰق ڈار سے ملاقات، جرمن سفیر بھی وزیر خزانہ سے ملیں
اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی+ آن لائن) چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دوستی مستقبل میں نئی بلندیوں کو چھوئے گی، دونوں ممالک اقتصادی تعاون پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز رکھیں گے جس سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے گذشتہ سال چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کا خاص طور پر حوالہ دیا اور کہا کہ 2016ء کا سال ان فیصلوں کے نفاذ کا سال ہے جن کا دونوں ملکوں کی لیڈرشپ نے چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران اعلان کیا تھا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کو سکیورٹی اور صحت کے اداروں کے لئے آلات فراہم کرنے کا بطور خاص ذکر کیا جو ایک خصوصی پروگرام کا حصہ ہیں ۔انہوں نے پاک چین تعلقات کے 65سال مکمل ہونے پر پاکستان کے وزیر خزانہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔ پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ترقی کے مختلف منصوبوں میں چینی امداد کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ وہ ہفتہ کو پاکستان میں جرمنی کی سفیر انالیپل سے گفتگو کر رہے تھے جرمنی کی سفیر نے وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں بات چیت کی۔ خاتون سفیر نے وفاقی وزیر کو جرمنی کی نمایاں کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں ٹیلی کام اور توانائی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت اور وزارت خزانہ اس سلسلے میں ان کمپنیوں کیساتھ بھر پور تعاون کریگی۔ اسحاق ڈار نے کہا حکومت نے بزنس دوست بجٹ پیش کیا ہے اور صنعتوںکو مراعات دی ہیں۔جرمن کمپنیوں کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پر کشش مراعات سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔
چینی سفیر