وزیراعظم کی ہدایت‘ ضلعی ہسپتال اٹک کو شہید کیپٹن اسفند یار بخاری سے منسوب کر دیا گیا
اٹک (نوائے وقت رپورٹ) ڈسٹرکٹ ہڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک کو شہید کیپٹن اسفند یار بخاری کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف کی خواہش پر پنجاب حکومت نے نام تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن اسفند یار شہید جیسے جوان والدین کا نام روشن کرتے ہیں۔ اسفند یار شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ کیپٹن اسفند یار شہید جیسے مایہ ناز جوان اپنے والدین کیلئے باعث فخر ہوتے ہیں۔ اسفند یار اور ان جیسے پاک افواج کے جرأتمند اور دلیر سپوت پاکستان کی بقاء کے ضامن ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کرکے کیپٹن اسفند یار شہید نے جرأت اور بہادری کی لازوال داستان رقم کی۔ انکی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس یاد کو زندہ رکھنے کیلئے اٹک کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں موجود صحت کی سہولیات کو یہاں کے عوام کیلئے مزید بہتر اور جددید بنایا جائے گا تاکہ ہم اپنے محسن کو بہتر انداز میں خراج عقیدت پیش کر سکیں۔