• news

ژوب : سرچ آپریشن، دھماکہ، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد ہلاک، لاہور، اسلام آباد میں گرفتاریاں

کوئٹہ+ لاہور+ اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ژوب کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے 2 مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کرغہ کبزئی میں سکیورٹی فورسز نے کالعدم مذہبی تنظیم کے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ سکیورٹی فورسز نے مکان سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔ دریں اثنا لاہور میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 31 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پولیس نے اقبال ٹاؤن، ہنجروال، گرین ٹاؤن، شاہدرہ، ٹاؤن شپ، سگیاں پل اور داتا دربار کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 31 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسلام آباد پولیس، رینجرز اور حساس اداروںٍ نے دوران سرچ آپریشن پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کردی گئیں۔ ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، 100 سے زائدگھروں کو سرچ کیا گیا۔ پشاور پولیس نے گلبہار اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران ایک اشتہاری ملزم سمیت 32 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سرچ آپریشن میں ایک اشتہاری اور 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ کرایہ داری کے کوائف مکمل نہ ہونے پر 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد سے پستول، کارتوس اور منشیات برآمد کی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن