پاکستانیوں سے ملنے والا پیار کبھی فراموش نہیں کرسکتے: بھارتی سکھ یاتری
ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ننکانہ صاحب میں جوڑ میلہ کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے گورودوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) روانہ ہوگئے۔ روانگی کے وقت سکھ یاتریوں نے ’’واہے گوروجی کا خالصہ، واہے گوروجی کی فتح‘‘ اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب پر ڈی ایس پی سرکل شفقت رشید، ڈی ایس پی ٹریفک ریاض شاہ، ایس پی صدف فاطمہ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد اسحاق سمیت ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے بھارتی سکھ یاتریوں کو الوداع کیا بھارتی سکھ یاتریوں کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے ریلوے سٹیشن تک ایلیٹ فورس اور پولیس کے کڑے پہرے میں خصوصی بسوں کے ذریعے پہنچایا گیا۔ روانگی سے قبل بھارتی سکھ یاتریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ سکھ چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں کیوں نہ ہوں ان کے دل ہمیشہ ننکانہ صاحب میں ہی دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے عوام سے ملنے والا پیار وہ کبھی فرماموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے یہاں پر گورودواروں کی جس طرح دیکھ بھال اور تزئین و آرائش کی ہے، اس پر پوری سکھ قوم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی شکرگزار ہے۔