مقبوضہ کشمیر‘ بہادر معمر مسلمان گائیڈ نے دریائے جہلم میں ڈوبتے 3سیاحوں کو نکال لیا‘خود کو نہ بچاسکا
سرینگر(نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں مسلمان گائیڈ نے دریائے جہلم میں ڈوبتے 3 سیاحوں کو بچالیا مگر انکا سامان بچاتے ہوئے خود کو نہ بچا پایا۔ بتایا گیا کہ سیاحوں کی ایک کشتی گزشتہ روز دریائے جہلم میں سیر کے دوران اُلٹ گئی اور اس میں سوار سیاح جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ڈوب گئے۔ 60سالہ گائیڈ غلام محمد گورو نے کئی بار غوطے لگا کر 3 سیاحوں کی جانیں بچالیں، وہ انکا سامان دریا سے نکال رہا تھا کہ تیز لہریں غلام محمد کو بہالے گئیں۔ کئی گھنٹوں بعد اسکی نعش کافی فاصلے پر پولیس نے دریا سے برآمد کرلی۔ بہادر غلام محمد گورو کی معمر بہن رقیہ جہلم کے کنارے کھڑی اپنے بھائی کی نعش کو نکالتے ہوئے دیکھ کر روتی رہی۔