• news

وزیراعظم کی عدم مودجودگی پر جمہوری سیٹ اپ منتشر ہے: لیاقت بلوچ

لاہور( سپیشل رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مسلم ٹائون میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں اور کرپٹ مافیا کا یوم حساب قریب ہے ۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں گھسے کرپٹ عناصر کبھی بھی موثر نظام احتساب کی تشکیل نہیں کریں گے ۔ ملک بھر کے نیک نام اور محب وطن عوام کو خود منظم ہونا ہوگا ۔ ماہ رمضان اللہ کی رحمت ، مغفرت اور برکتوں کا مہینہ ہے ۔ ماہ مبارک کا نظام تربیت ظلم ، کرپشن اور لاقانونیت کی جکڑ بندیوں کو توڑنے کا پیغام دیتاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکی ڈرون حملہ کے سدباب کے لیے اگر اب پوری قوم متحد نہ ہوئی تو قومی سلامتی خطرہ میں ہوگی اور امریکہ بھارت اسرائیل کی ناپاک تثلیث اور مکروہ شیطانی گٹھ جوڑ پاکستان کے ہر حصہ پر حملہ آور ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی عدم موجودگی میں جمہوری سیٹ اپ منتشر اور تذبذب کا شکار ہے۔ اب پاکستان کو مکمل طور پر امریکی حصار کی بیڑیاں توڑ دینی چاہئیں۔ قومی بجٹ سے کسان ، مزدور ، تاجر، ملازمین اور کلرکوں کو کچھ نہیں ملے گا ۔ عوام سڑکوں پر آئیں گے جن کا مقابلہ حکمران نہیں کر سکیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن