ٹی او آر کمیٹی میں ڈیڈ لاک پر تشویش: مذہبی سیاسی جماعتوں کی غیر قانونی عدالتیں روکی جائیں : زرداری
دبئی (آئی این پی + این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری سے پیپلزپارٹی کے رہنما و سینیٹر رحمن ملک نے ملاقات کی اور پانامہ لیکس کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے بنائے جانے والے ضابطہ کار پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک پر آصف علی زرداری نے تشویش کا اظہارکیا۔ رحمن ملک نے کہا کہ پانامہ لیکس پر ڈیڈلاک برقرار رہا تو عید کے بعد بادل برسیں گے اور بجلی بھی گرجے گی۔ رحمن ملک نے ملاقات میں آزادکشمیر میں انتخابات اور بیرون ملک پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال سے آصف علی زرداری کو آگاہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری نے ٹی اوآرز کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی میں پیدا ہونے والے ڈیڈلاک پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا یہ ڈیڈلاک جتنا جلدی ختم ہوگا اتنا ہی دونوں فریقین کیلئے بہتر ہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے گوجرانوالہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں گزشتہ روز مقامی افراد نے ایک مرد کا منہ کالا کیا اور خاتون کو جوتے مارے۔ کچھ مذہبی اور سیاسی جماعتیں اور گروپ پنجاب میں اپنی عدالتیں لگا رہے ہیں۔ غیرقانونی عدالتوں کو روکنے کے سخت ترین اقدامات کئے جائیں۔