دانیال علی نے کروشیا میں انڈر17بیڈ منٹن ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے دانیال علی نے کروشیا میں منعقد ہونے والے ادریا انڈر 17 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2016ء کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 10 سے 12 جون تک منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے دانیال علی نے کوارٹر فائنل میں کروشیا کے فران پیپونک کو 21-10 اور 21-10 سے مات دی۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ ایک مرتبہ پھر کروشیا کے کھلاڑی لیوکا گروبک سے ہوا جس میں دانیال نے 21-10 اور 21-15 سے کامیابی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں دانیال علی نے چیک ری پبلک کے تھامس ابراہم کو 21-13 اور 21-10 سے مات دیکنر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کا دانیال علی کی کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ کروشیا میں ٹورنامنٹ میں انہیں کامیابی ملی ۔ سیکرٹری فیڈریشن واجد علی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے جونیئر کی سطح پر جوپروگرام شروع کیا ہے ان کے نتائج بھی جلد ملنا شروع ہو جائیں گے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہمیں حکومتی سپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔ فیڈریشن جونیئر کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے لیے بھجوا رہی ہے۔