• news

عمران مقبولیت کھوچکے، مسائل کی جڑ اپوزیشن ہے: رمیش کمار

لاہور (وقت نیوز) وقت نیوز کے پروگرام انسائیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار، پیپلز پارٹی کے حیدر زمان قریشی اور تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے میزبان ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری اور سینئر پروڈیوسر عمران عباس ہیں۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا عمران خان عوام میں مقبولیت کھو چکے ہیں۔ تمام مسائل کی جڑ اپوزیشن ہے۔ پاکستان کو ترقی کی جانب دھکیلنے کی بجائے اپوزیشن گہری کھائی میں پھینکنا چاہتی ہے۔ ہم اندھیرے ختم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ عمران خان اندھیروں کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ہمارے اوپر کرپشن کے الزامات لگانے سے پہلے اپنے خلاف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹس دیکھ لے، پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن صوبہ سندھ میں ہوتی ہے۔ دونوں جماعتیں کرپشن کو نعرہ بنا کر احتساب کے عمل کو متنازعہ بنا رہی ہیں، حکومت کی راہ میں روڑے اٹکانا بند کریں۔ترقی کے عمل کو رکنا نہیں چاہئے سندھ اور خیبر پی کے میں عوام 2018ء میں ان سیاسی یتیموں کو مسترد کر دینگے۔ انہوں نے کہا نواز حکومت کوپانچ سال پورے کرنے دینے چاہئے ہمارے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے۔ زرداری کی غلط پالیسیوں نے اس ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ملک میں بادشاہت نہیں جمہوریت ہے۔ عندلیب عباس نے کہا نواز شریف نے منی لانڈرنگ نہیں کی کرپشن نہیں کی تو خدارا اس ملک پر رحم کریں، مسلم لیگ (ن) کو قربانی کا بکرا مت بنائیں، لوڈشیڈنگ پر عوام سراپا احتجاج ہیں رمضان میں مہنگائی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے اس ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ نواز شریف کو اپنے علاوہ کسی پر اعتماد نہیں۔ خارجہ پالیسی میں ہماری کارکردگی صفر ہے۔ شریف برادران کی پالیسیوں نے ہمارے ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے جبکہ درباری سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں، نواز شریف کی بادشاہت نے ہمارے بہترین دوست ممالک کو دشمن بنا دیا ہے، ایران، افغانستان ہمارے دشمن بنتے جا رہے ہیں۔ حیدر زمان قریشی نے کہا حکومت بچانا اور کرپشن ختم کرنا دو الگ باتیں ہیں۔ پیپلز پارٹی پر ہمیشہ حکومت کو بچانے کے الزامات لگتے ہیں۔ ہم حکومت نہیں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں مگر نواز حکومت ایک بار پھر سیاسی شہید بننا چاہتی ہے۔ جمہوریت کیلئے کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہئے ملٹری اداروں میں کرپشن کے خلاف اقدامات کئے جا رہے ہیں تو سیاستدان ایک دوسرے کے احتساب سے کیوں گھبراتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت ترقی کے خوشنما دعوے خوب کرتی ہے مگر جتنے منصوبے تھے سب فلاپ ہیں۔ حکومتی رٹ کہیں نہیں جہاں سیمنٹ اور سریا لگتا ہے حکومت کووہی منصوبے عزیز ہیں۔ انسان کی فلاح گو بہبود کے منصوبے بنانے میں حکومت مسلسل ناکام ہے۔ تجربہ کار قیادت کہاں گئی؟ حکومت نواز شریف کے منشی چلا رہے ہیں۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت ہم دنیا میں تنہا ہو رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن